ماهنامه دارالعلوم ، شماره 1 ، جلد: 94 محرم - صفر 1431 ھ مطابق جنورى2010 ء

 

تعارف و تبصرہ

 

 

 

 

نام کتاب :         تدریسِ قرآن مع حل لغات وترکیب پارہ 14=

نام مصنف          :         حضرت مولانا حسین احمد صاحب ہردواری، مدرس دارالعلوم دیوبند

کاغذ      عمدہ      قیمت     ۴۰/روپیے

         

از: مولانا محمد معروف صاحب استاذ دارالعلوم دیوبند

 

عربی مدارس میں ترجمہ قرآن کریم نہایت اہتمام کے ساتھ پڑھایاجاتا ہے اورمدرس کو ہدایت دی جاتی ہے کہ درس ترجمہ ومختصر تفسیر کے ساتھ ساتھ صیغوں کی لغوی وصرفی تحقیق اور بقدر ضرورت نحوی ترکیب پر مشتمل ہونا چاہئے۔

 

پھر اس حقیقت کے اعتراف میں کسی بھی ذی شعور کو تأمّل نہ ہوگا کہ کسی شخص کے مافی الضمیر کی تشریح کرنا کتنا مشکل کام ہے یہ حال انسانی قول کی تشریح کا ہے لیکن جب معاملہ کلام رب العالمین کا ہوتو اس کی تشریح تو جوئے شیر لانے سے کم نہیں۔

 

مقام مسرت ہے کہ ایشیاء کی عظیم درسگاہ جسے ام المدارس ہونے کا شرف حاصل ہے یعنی دارالعلوم دیوبند کے مایہٴ ناز استاذ حضرت مولانا حسین احمد صاحب ہردواری نے اس طرف توجہ فرمائی اور ایک مفید اورآسان تر کتاب بنام تدریس قرآن مع حل لغات و ترکیب تصنیف فرمائی۔ پیشِ نظر کتاب میں ترجمہ و تفسیر کے علاوہ لغات و ترکیب اور گرانقدر علمی نکات وتحقیقات کو بھی شامل کیاگیا ہے۔

 

تدریسِ قرآن کی اس سے پہلے پانچ جلدیں منظر عام پر آچکی ہیں اور طلبہ وعلماء کے قلوب میں اپنی محبوبیت ومقبولیت کا نقش ثبت کرچکی ہیں یعنی پارہ ۲۷، ۲۹، ۳۰، ۱۳/ آگے کام جاری ہے، صاحب کتاب کے تصنیفی ذوق کا اندازہ اس سے بھی لگایاجاسکتا ہے کہ مشکل ترکیبوں کا حل آپ ہی کی تصنیف کردہ ہے، یوں تو مصنف کی بڑی چھوٹی متعدد کتب ہیں جو طلبہ کی ضرورت و جزء لاینفک بن چکی ہیں مثلاً نجوم الحواشی شرح اصول الشاشی، درس نحومیر، مصطلحات النحو وغیرہ، جنھیں جلیل القدر علماء اور کبار اساتذہ دارالعلوم کی تائید وتوثیق حاصل ہے، اللہ تعالیٰ مولانا کی عمر میں برکت فرمائے اور ان کو مکمل قرآن کریم کی اسی انداز پر تدریس قرآن لکھنے کا موقع فراہم فرمائے، آمین یا رب العالمین۔

 

***