ماہنامہ دارالعلوم ، شمارہ 7 ، جلد: 94 ، رجب- شعبان 1431 ہجری مطابق جولائی 2010 ء

تبصرہ

(۱)

 

 

نام کتاب:          فتاویٰ دارالعلوم دیوبند، جلد ۱۳،۱۴،۱۵

از افادات:          مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمن صاحب عثمانی رحمة الله عليه

مرتب:            مولانا مفتی محمد امین پالن پوری

ناشر:              مکتبہ دارالعلوم دیوبند

         

دارالعلوم دیوبند کی علمی، عملی ودینی خدمات برصغیر میں محتاج تعارف نہیں ہے۔ اس ادارہ کے فیوض وبرکات اور اس کے خوش آئند اثرات امت مسلمہ پر نمایاں وظاہر ہیں۔ مفکراسلام جناب مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ دارالعلوم دیوبند کے متعلق اس طرح رقم طراز ہیں دارالعلوم دیوبند برصغیر میں مسلمانوں کی ایک ایسی درسگاہ ہے جو فرنگی اقتدار کے بڑھتے ہوئے طوفان کا مقابلہ کرکے منصہ شہود پر جلوہ گر ہوئی تھی، یہ دین و تقویٰ اور علم و عرفان کی ایک ایسی جلوہ گاہ ہے جس نے مسلمانوں کے دلوں کو جگایا اور ایسے فرزندان توحید پیدا کئے جو آسمان دین ودانش کے ماہ وانجم بن کر آج بھی قلوب انسانی پر ضوفشاں ہیں۔

فروغ مغربیت کے اس دور میں ایمان و عقیدے پر صرف خارجی حملے ہی نہیں ہورہے ہیں بلکہ داخلی فتنے بھی کہیں دشت سے سر ابھار کر پراگندگی و انتشار پیدا کررہے ہیں۔ اور امت کا شیرازہ بکھیرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ دارالعلوم دیوبند نے ایسے افراد تیار کئے جنھوں نے ہر محاذ پر اور ہر فتنے کی سرکوبی میں سرگرم عمل رہے، اور حق وباطل میں فرق و امتیاز برقرار رکھنے میں کامیاب جدوجہد کی۔ بفضل رب جلیل دارالعلوم کی خدمات کے وسیع دائرے میں نہایت قابل توجہ و لائق اعتناء اس کی فقہی خدمات ہیں، اس شعبہ سے ایمان و عقیدے کے بارے میں اس کی فکر نمایاں ہوتی ہے۔ اور مزاج ومسلک کی تعیین ہوتی ہے۔ اس کی اصابت فکر وعمل اور پابند قرآن وسنت ہونے کی بنا پر امت کے سواد اعظم نے اس پر اعتماد کیا اور اپنے دینی و دنیاوی معاملات میں اس سے شرعی رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ دارالافتاء کی یہ وسیع خدمات ذخیرئہ تحریر میں محفوظ ہیں یہ اہم ضرورت بلکہ علمی دینی فریضہ ہے کہ ان فتاویٰ کو مرتب کرکے کتابی اور دوسری جدید عصری شکلوں میں محفوظ کردیا جائے۔ چنانچہ حکیم الاسلام حضرت اقدس مولانا قاری محمد طیب صاحب رحمة اللہ علیہ کے زمانہٴ اہتمام میں حضرت والا کی زیرنگرانی جناب مولانا مفتی ظفیرالدین صاحب مفتاحی فتاویٰ دارالعلوم کی ترتیب کی خدمات انجام دیتے رہے۔ اس طرح دارالافتاء میں محفوظ یہ فتاوے ”فتاویٰ دارالعلوم“ دیوبند کے نام سے بارہ جلدوں میں مرتب ہوکر شائع ہوگئے۔ جن میں ”کتاب الطہارت“ سے ”کتاب اللقطہ“ تک کے مسائل ہیں۔ کتاب اللقطہ سے آگے ترتیب کا کام کافی دنوں سے موقوف تھا، اب مولانا بدرالدین اجمل صاحب رکن مجلس شوریٰ دارالعلوم دیوبند دامت برکاتہم کی تحریک اور موقر اراکین مجلس شوریٰ کی تجویز پر کتاب اللقطہ سے آگے ترتیب فتاویٰ کا کام دوبارہ بحمداللہ شروع ہوگیا ہے۔ مولانا مفتی محمد امین صاحب پالن پوری نہایت محنت، عرق ریزی اور توجہ کے ساتھ معتبر اور باصلاحیت معاونین کے تعاون سے اسے ترتیب دے رہے ہیں، بحمداللہ اب تک تین جلدیں مرتب ہوکر شائع ہوچکی ہیں۔ پہلی جلد۔ شرکت، تقسیم مضاربت اور وقف کے مسائل کے انتخاب پر مشتمل ہے تعداد فتاویٰ: ۹۰۲ اور صفحات: ۵۴۲ ہیں۔ دوسری جلد میں وقف کے بقیہ مسائل آداب مساجد، آداب قرآن، احکام قبرستان، خرید و فروخت کے مسائل، سود و قمار اور بیمہ کے احکام ہیں تعداد فتاویٰ ۹۵۰ اور تعداد صفحات: ۵۱۲ ہیں ۔ تیسری جلد: قرض، قضا وحکم، شہادت، وکالت، دعویٰ اقرار، صلح، دیت، عاریت، ہبہ، اجارہ، غصب، شفعہ، مزارعت وذبیحہ و شکار اور قربانی وعقیقہ کے مسائل کے جوابات پر مشتمل ہے۔ تعداد فتاویٰ: ۱۲۲۳۔ تعداد صفحات: ۶۲۸ ہیں۔

فاضل مرتب نے فتاویٰ کی تبویب کے ساتھ مکررات کو حذف کیا، بعض نامکمل حوالوں کی تکمیل کی، اور آیات و احادیث کی تخریج کی ہے۔ تاکہ اصل مخارج تک رسائی آسان ہوجائے، عربی وفارسی عبارتوں کا ترجمہ اور مشکل اور اصطلاحی الفاظ کے معانی و مطالب بیان کرکے آسان اور عام فہم بنادیا ہے کاغذ اور طباعت معیاری ہے۔ کتابت کمپیوٹر سے ہوئی ہے۔ نہایت صاف عمدہ اور دلکش، جلدیں بہت خوبصورت، حجم نہایت مناسب کہ نازک طبع افراد بھی کتاب کے اٹھانے میں گرانی محسوس نہ کریں فاضل مرتب لائق صد تعریف ودعاء ہیں کہ ان کی محنت شاقہ نے اس مجموعہ کے افادہ کو عام کردیا، لہٰذا اب صرف شعبہ افتاء، مفتیان کرام، اور علما عظام ہی نہیں بلکہ ہر خاص و عام اس سے استفادہ کرسکتا ہے بلکہ کرنا چاہئے۔

(۲)

                                                نام کتاب:          مقالات حبیب

                                                مولف:            مولانا حبیب الرحمن صاحب اعظمی

                                                ناشر:              شیخ الہند اکیڈمی دارالعلوم دیوبند

مولانا حبیب الرحمن صاحب اعظمی دارالعلوم دیوبند میں استاذ حدیث کی حیثیت سے درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں آپ کا شمار ذی استعداد اور باصلاحیت اہل علم میں ہوتا ہے۔ خصوصیت سے آپ کا درس نہایت مقبول ہے۔ تدریس کے علاوہ تحریری صلاحیت بدرجہ کمال حاصل ہے زود نویس اور بسیار نویس ہیں اس کے باوجود مقالات علم و تحقیق کے معیار سے ساقط نہیں ہوتے ایک طویل عرصہ سے آپ ماہنامہ دارالعلوم کے مدیر ہیں۔ اس کے علمی و تحقیقی معیار کو بلند رکھنے میں آپ کی صلاحیتوں کا بڑا دخل ہے ”مقالات حبیب“ تین حصے (جلدیں) اور چھ باب پر مشتمل ہے الگ الگ مختلف موضوعات پر علمی و فکری مضامین کا مجموعہ ہے جس میں علم و تحقیق کے ساتھ ساتھ زبان وادب کی نزاکتوں کا مکمل لحاظ رکھا گیا ہے جس کی بناء پر مقالات ادبی حیثیت کے حامل ہوگئے۔ حصہ اوّل مندرجہ ذیل مقالات پر مشتمل ہے:

باب اوّل: ”ہندوستان میں احیاء علم وفکر“، باب دوم: ”صحابہٴ کرام کی منفردانہ عظمت شان“ باب سوم: ”فرق باطلہ کا تعاقب“ حصہ دوم، باب چہارم: مسائل و دلائل“ حصہ سوم، باب پنجم: ”گوشہ سیرت و تاریخ“ باب ششم: ”تذکرئہ ارباب فضل و کمال“ ہر باب میں ذیلی عنوانات کے تحت متعدد مضامین تحریر کئے گئے ہیں۔ اور بعض موضوعات پر سیر حاصل اور پرمغز بحث کی گئی ہے اہل علم واصحاب فضل وکمال کی تقاریظ اور کلمات بابرکات نے کتاب کی اہمیت اور مرتبہ کو مزید بلند کردیا ہے۔ شیخ الہند اکیڈمی دارالعلوم دیوبند کی طرف سے کتاب شائع ہوئی ہے۔ کتابت و طباعت معیاری ہے۔ امید ہے کہ اہل علم کے حلقہ میں یہ مقالات تحسین کی نگاہ سے دیکھے جائیں گے۔

***