احوال و کوائف

 

 

 

دارالعلوم میں مہمانوں کی آمد

گذشتہ دنوں مختلف اہم مہمانوں نے دارالعلوم کا دورہ کیا، جس میں خاص طور پر الہ آباد ہائی کورٹ جج محترمہ ناہید آرا اور سینئر ایڈوکیٹ جناب ظفر مونس ۱۲/اگست کو دارالعلوم دیوبند تشریف لائے اور انھوں نے حضرت مہتمم صاحب سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں قومی فرقہ وارانہ ہم آہنگی (متعلقہ وزارتِ خارجہ) کے رکن جناب ایم، جے خان نے ایک وفد کے ساتھ ۱۶/ ستمبر کو دارالعلوم کا دورہ کیا۔۱۹/ ستمبر کو سول سروسز سے وابستہ افسران اور ضلع مجسٹریٹ کے ایک کثیر رکنی وفد نے دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیاجو ان دنوں تربیت کے لیے ہندوستان آیا ہوا تھا۔ حضرت مہتمم صاحب اور حضرت مولاناعبد الخالق صاحب مدراسی صاحب نے وفد کے سامنے دارالعلوم کی تاریخ اور اس کے کارناموں پر مختصر روشنی ڈالی۔

۲۳/ ستمبر کو آریہ سماج کے مذہبی پیشوا سوامی اگنی ویش امن کا پیغام لے کر ہریدوار سے دیوبند تشریف لائے اور مہمان خانہ میں حضرت مہتمم صاحب سے ملاقات کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ ملک سب کا ہے ، مگر موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہندوٴں اور مسلمانوں کے درمیان خلیج بڑھ رہی ہے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ اس سے قبل جولائی میں دیوبند کے تاریخی بالاسندری دیوی مندر کمیٹی کے صدر پنڈت ستیندر شرما نے دیوبند شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی بنائے رکھنے اور فرقہ پرستوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنانے کے سلسلہ میں ایک وفد کے ساتھ حضرت مہتمم صاحب سے ملاقات کی تھی۔

روہنگیا مسلمانوں سے اظہارِ ہمدردی اور دعاؤں کی اپیل

دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ابو القاسم صاحب نعمانی نے میانمار (برما)کے مسلمانوں کی نسل کشی پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور ایسے نازک حالات میں رجوع الی اللہ اور خشوع وخضوع کے ساتھ دعاوٴں کی تلقین کی۔ حضرت مہتمم صاحب نے تمام مساجد و مکاتب اور مدارس کے ذمہ داران سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام عالمِ اسلام با لخصوص روہنگیا مسلمانوں کے حق میں دعاوٴں اور تمام مساجد میں قنوتِ نازلہ کا اہتمام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں جو انسانیت سوز مظالم مسلمانوں پر ڈھائے جا رہے ہیں وہ حد درجہ کرب ناک اور ناقابلِ بیان ہیں ،ہم اگرچہ عملی طور پر ان کی براہ راست کوئی مدد نہیں کر سکتے؛ لیکن کم از کم اتنا تو اخلاقی تعاون دے سکتے ہیں کہ میانمار کے مظلوموں کو اپنی دعاوٴں میں یاد رکھیں اور ان کے حق میں قنوتِ نازلہ کا اہتمام کریں۔

حضرت مہتمم صاحب اور اساتذہٴ دارالعلوم کا سفر حج

اللہ تعالی کے خصوصی فضل و کرم سے اس سال بھی دارالعلوم دیوبند سے وابستہ متعدد افراد نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کی ۔ حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند کے علاوہ خادم الحرمین کی دعوت پر مولانا نسیم احمد بارہ بنکوی اور مولانا محمدمزمل بدایونی نے حج و زیارت کی سعادت حاصل کی۔ علاوہ ازیں،مولانا شوکت علی بستوی، مولانا شاہ عالم گورکھپوری نائب ناظم مجلس تحفظ ختم نبوت ، قاری محمد آفتاب اور قاری صغیر احمد صاحب (اساتذہٴ دارالعلوم)نے حج و زیارت کی دولتِ بے بہا سے بہرہ ور ہوئے۔ اللہ تعالیٰ قبولیت سے نوازے اور ہم سب کو حج مبرور نصیب فرمائے۔

$$$

 

---------------------------------------------------------

ماہنامہ دارالعلوم ‏، شمارہ10 ، جلد:101‏، محرم-صفر 1439 ہجری مطابق اکتوبر 2017ء